چند غیر ضروری اعلانات «
Ibneriaz Website Banner

  • ہم وی آئی پی ہیں || مہنگائی کے دن گنے جا چکے ہیں || بیمار کاحال اچھا ہے || روزمرہ مشورے || بھینس || ایک دعا || سوئی میں اونٹ کیسے ڈالاجائے || پاکستان کی حکومت اور کرکٹ ٹیم || ہونا ہے تمہیں خاک یہ سب خاک سمجھنا ||
  • چند غیر ضروری اعلانات

    تحریر: ابنِ انشاء

    بس مسافروں کے لیے مژدہ

    کراچی میں مالک ایسوسی ایشن بڑے فخر اور مسرت سے اعلان کرتی ہے کہ آج سے شہر میں تمام بسوں کے کرائے دگنے کردیے گئے ہیں۔ امید ہے محب وطن حلقوں میں اس فیصلے کا عام طور پر خیر مقدم کیا جائے گا۔ کیونکہ اس سے بس مالکان کی آمدنی پر ہی نہیں، مسافروں کے معیار زندگی پر بھی خوشگوار اثر پڑے گا۔ ایسوسی ایشن ہذا، کرایوں میں اضافے کے علاوہ مسافروں کے لیے کچھ اور سہولتوں کا بھی اعلان کرتی ہے۔ مثلاً ہر بس میں جہاں فقط چالیس سواریوں کی گنجائش ہوتی تھی، اب اس سے تین گنا مسافروں کو جگہ دی جایا کرے گی۔ اس مقصد سے ہر بس کی چھت میں کنڈوں اور تسموں کا اضافہ کردیا گیا ہے اور سیٹیں نکال دی گئی ہیں جو خواہ مخواہ کھڑے ہونے والوں کے گھٹنوں سے ٹکراتی تھیں۔

    پبلک کی مزید آسانی کے لیے ہر بس کی چھت پر، پائیدانوں پر، مڈگارڈوں پر، انجن پر حتی کہ سائلنسر تک پر مسافروں کے بیٹھنے اور کھڑے ہونے کی گنجائش نکالی گئی ہے۔ ان خصوصی جگہوں کا کرایہ بھی کچھ زائد نہیں ہوگا۔ شرح ٹکٹ وہی رہے گی جو اندر بیٹھنے کی۔ یعنی کھڑے ہونے اور لٹکنے والے مسافروں سے وصول کی جائے گی۔ آئندہ سے سب مسافروں کے حقوق بھی مساوی ہوں گے۔ یعنی ہر مسافر کو بس کو دھکا لگانے کا یکساں حق ہوگا حتی کہ آدھا ٹکٹ لینے والے بچوں اور بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے معذوروں کوبھی۔ بسوں میں یتیم خانوں کے لیے چندہ اکٹھا کرنے والوں، اور کھٹی مٹھی گولیاں بیچنے والوں کو بھی یہ حق دینے پر اس میٹنگ میں غور کیا جا رہا ہے جو کراچی ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کمشنر صاحب کے دفترمیں اگلے ہفتے ہو رہی ہے۔

    ۲۔ پانی بند رہے گا

    ناظم آباد اور نارتھ ناظم آباد کے باشندوں کو مژدہ ہو کہ جمعے اور ہفتے کو ان کے گھروں کا پانی بند رہا کرے گا۔ یہ سہولت روزانہ تئیس گھنٹے پانی بند رہنے کی سہولت کے علاوہ ہے۔ بعض مجبوریوں کی وجہ سے فی الحال ہفتے میں دو دن سے زیادہ پانی مکمل طور پر بند رکھنا ممکن نہیں۔ ناغے کے دنوں کی تعداد رفتہ رفتہ بڑھائی جائے گی۔ امید کی جاتی ہے کہ ماہ محرم کی آمد تک ہم ہفتے کے ساتوں دن پانی بند رکھنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

    اس کے ساتھ ساتھ بلدیہ کراچی اور کے ڈی اے نہایت مسرت سے اعلان کرتی ہیں کہ اہل ناظم آباد کے ایک دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اس علاقے کے واٹر ٹیکس میں فوری طور پر تین سو فیصدی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ آگے چل کر اس میں اور بھی اضافہ کرنے کی کوشش کی جائے گی لیکن کے ڈی اے اور بلدیہ کے روز افزوں وسائل اور محدود اخراجات کو دیکھتے ہوئے فی الحال اس کی قطعی طور پر ضمانت نہیں دی جاسکتی۔علامہ اقبال ٹاؤن نارتھ ناظم آباد کے پارک میں کامیاب تجربے کے بعد شہر کے دوسرے پارکوں کا پانی بھی بند کیا جارہا ہے تاکہ زمین بھربھری ہو جائے اور کتے آسانی سے اس میں لوٹ لگا سکیں۔

    ۳۔ آپ کا اپنا اسکول

    انٹرنیشنل انگلش آکسفورڈ اسکول آپ کااپنا اسکول ہے جو تعلیم کے جدید ترین اصولوں پر کھولا گیا ہے۔ چند خصوصیات،

    ۱۔ فیس کا معیار نہایت اعلیٰ۔ شہر کا کوئی اور اسکول فیس کے معاملے میں ہمارے اسکول کا مقابلہ نہیں کرتا۔ انواع و اقسام کے چندے اس کے علاوہ ہیں، جن کی تفصیل پرنسپل صاحب کے دفتر سے معلوم کی جاسکتی ہے۔

    ۲۔ اساتذہ نہایت محنتی، ایماندار اور قناعت پسند جن کو بیش قرار تنحواہوں پر رکھا گیا ہے۔ عام ٹیچر کی تنخواہ بھی ہمارے ہاں میونسپل کارپوریشن کے جمعدار سے کم نہیں اور پرنسپل کا مشاہرہ تو کسی بڑی سے بڑی غیرملکی کمپنی کے چوکیدار کی تنخواہ سے بھی زیادہ ہے۔

    ۳۔ چھٹیاں، چھٹیوں کے معاملے میں بھی ہمارا اسکول دوسرے اسکولوں پر فوقیت رکھتا ہے۔ ہر ماہ فیس جمع کرانے کے دن کے علاوہ قریب قریب پورا سال چھٹی رہتی ہے۔ جو والدین سال بھر کی فیس اکٹھی جمع کرادیں، ان کے بچوں کو فیس کے دن بھی حاضری دینے کی ضرورت نہیں۔

    ۴۔ ماحول، اسکول نہایت مرکزی اور پررونق جگہ پر واقع ہے اور شہر کا سب سے قدیمی اوپن ایئر اسکول ہے۔ یہاں طلباء کو مناظر فطرت سے محبت کرنا سکھایا جاتا ہے۔ بالکل سامنے ایک سینما ہے اور ایک سرکس۔ ایک بغل میں موٹر گیراج ہے اور دوسری طرف گڑباغیچہ، جس کی کھاد سارے شہر کو ہرا بھرا رکھنے کی ضامن ہے۔ پروفیسر کیوی کے اصول کے مطابق یہاں پڑھائی کتابوں سے نہیں کرائی جاتی بلکہ کسی اور طرح بھی نہیں کرائی جاتی تاکہ طالب علم کے ذہن پر ناروا بوجھ نہ پڑے۔

    ۵۔ نتیجہ، اسکول کا نتیجہ کم از کم سوفیصد رہتا ہے۔ کئی بار تو دو ڈھائی سو فیصد بھی ہو جاتا ہے۔ کوئی شخص خواہ وہ طالب علم ہو یا غیر طالب علم، اس اسکول کے پاس سے بھی گزر جائے تو پاس ہوئے بنا نہیں رہ سکتا۔ طالب علموں پر امتحان میں بیٹھنے کی کوئی پابندی نہیں۔ سب کو گھر بیٹھے کامیابی کی سندیں بھیج دی جاتی ہیں۔

    ٹیگز: , , , , , , , ,

    

    تبصرہ کیجیے

    
    

    © 2017 ویب سائیٹ اور اس پر موجود سب تحریروں کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔بغیر اجازت کوئی تحریر یا اقتباس کہیں بھی شائع کرنا ممنوع ہے۔
    ان تحاریر کا کسی سیاست ، مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے. یہ سب ابنِ ریاض کے اپنے ذہن کی پیداوار ہیں۔
    لکھاری و کالم نگار ابن ِریاض -ڈیزائن | ایم جی

    سبسکرائب کریں

    ہر نئی پوسٹ کا ای میل کے ذریعے نوٹیفیکشن موصول کریں۔