جگہ دل لگانے کی «
Ibneriaz Website Banner

  • ہم وی آئی پی ہیں || مہنگائی کے دن گنے جا چکے ہیں || بیمار کاحال اچھا ہے || روزمرہ مشورے || بھینس || ایک دعا || سوئی میں اونٹ کیسے ڈالاجائے || پاکستان کی حکومت اور کرکٹ ٹیم || ہونا ہے تمہیں خاک یہ سب خاک سمجھنا ||
  • جگہ دل لگانے کی

    ایک مرتبہ اک ممبر نے کسی تھریڈ میں ہم سے سوال کیا تھا کہ اگر آپ کو کہیں گھومنے کا موقع ملے تو آپ کس ممبر کوساتھ لے جانا پسند کریں گے- اس سوال کا جواب ہم بوجوہ گول کر گئے تھے- کیونکہ کسی ایک کا یا چند لوگوں کا نام لے کر ہم باقی ساتھیوں کی دلآزاری کے مرتکب نہیں ہونا چاھتے تھے-
    ہم نے سوچا کہ کیوں نہ آج آپ کو کسی اچھے سے مقام کی سیر کرا دی جائے- لیکن اگر آپ موضوع پڑھ کر یہ گمان کرہے ہیں کہ ہم آپ کو کسی خواتین کے کالج لئے جا رہے ہیں تو ہم یہی کہ سکتے ہیں کہ بلی کو چھچھڑوں کے خواب-دوستو اگر آپ اسلام آباد یا راولپنڈی سے شمال کی جانب سفر کریں تو تقریبٌا بیس پچیس کلومیٹر کے فاصلے پرچھوٹا سا ایک شہر ہے- یہ شہر چار دانگ عالم میں مشہور ہے اور پاکستان میں اس کی وجہ شہرت وہی ہے جو فیس بک پہ ہماری ہے-یعنی کہ پاکستان کے سب سے قدیم مقامات میں سے ہے۔ چنانچہ یہاں آپ کو آثار قدیمہ بکثرت ملیں گے جن میں جنڈیال، سرکپ اور بھڑمائونڈ کے آثار زیادہ مشہور ہیں- اس کے علاوہ ایک عجائب گھر بھی ہے جسے دیکھ کے ایسامحسوس ہوا کہ کسی نے ہمارے گھر کا سامان وہاں رکھ دیا- سب پرانا اور ٹوٹنے کے قریب۔ چاہے وہ برتن ہوں یا کام کے اوزار۔ کچھ سکے بھی دیکھے مگر وہ شیشوں میں بند تھے سو ہم چاہ کر بھی ان کو نہ اٹھا پائے۔کچھ مجسمے بھی ہیں وہاں-اگر ہمارے مذھب میں ان کی ممانعت نہ ہوتی تو شاید بعد از مرگ ہمارا مجسمہ بھی وہ لوگ لگا ہی دیتے بلکہ انھیں تکلیف سے بچانے کے لئے ہم خود اپنا مجسمہ بنوا کے انھیں تحفے میں دے دیتے۔ بعد میں کیا معلوم وہ لگانے سے انکار کر دیں یا وسائل کی کمی آڑے آ جائے؟ سو جو کام اپنے ہاتھ سے ہو جائے وہی اچھا۔
    عجائب گھر میں جس چیز نے وہاں ہمارے توجہ اپنی جانب مبذول کی وہ سر جان مارشل کا کمرہ تھا جہاں ان کے زیر تصرف اشیا رکھی تھیں- ان کا میز، کرسی ، پانی پینے والا گھڑا اور کچھ دیگر اشیاء۔موصوف کا عرصہ حیات 1857 تا 1934 تھا اور غالباً انھوں نے 1913 کے بعد قریب ایک عشرہ ٹیکسلا کی تہذیب کی دریافت میں صرف کیا- موصوف آثار قدیمہ کے ماہر تھے اور پاک و ہند کے کئی تاریخی مقامات جوآج دنیا کے سامنے ہیں ان کے مرہون منت ہیں- ان کا کمرہ دیکھ کر دل میں خیال آیا کہ جب ہماری قوم اندھیروں میں گھری ہوئی تھی اور خود سے بیگانہ تھی اس وقت ایک شخص برطانیہ سے مہینوں سفر کر کے یہاں آیا کہ ہماری ثقافت پر تحقیق کر سکے حالانکہ علم تو ہماری میراث تھی- کچھ شک نہیں کہ برطانیہ ہم پر حکمرانی کا حقدار تھا-
    آج کل جب دنیا تہذیبی ورثے کے تحفظ کی جانب مائل ہے تحصیل انتظامیہ ٹیکسلا کا کردار قابل ستائش ہے جو اپنی بساط بھر اس ورثے کے تحفظ اور فروغ میں کوشاں ہے- انتطامیہ کی خواہش تھی کہ ٹیکسلا منفرد اور قدیم شہر نظر آئے- چنانچہ فیصلہ کیا گیا کہ شہر والوں سے بجلی اور گیس کی سہولت واپس لے لی جائے- جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے جن سے وفاقی حکومت بھی اب فائدہ اٹھا رہی ہے- دوسرا قدم یہ اٹھایاگیا کہ تمام سڑکیں کھود دی گئیں حتٰی کہ جی ٹی روڈ کو بھی نہیں چھوڑا گیا-اب جو شخص ان پر سفر کرتا ہے اس کا انجر پنجر ہل جاتا ہے اور کھانا بھی یہیں ہضم ہو جاتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہم نے یہاں معدے کے ڈاکٹرز نہیں دیکھے۔ سڑکوں کی حالت دیکھ کر یہ گمان گزرتا ہے کہ شاید پورس نے بنوائی تھی-اور انتطامیہ نےاسے اس کی اصل حالت میں بحال رکھا ہوا ہے۔ انتظامیہ اس کی تشہیر بھی ایسے ہی کرتی ہے ۔ اس کا مقصد ملک میں سیاحت کی صنعت کو زندہ رکھنا ہے جو کہ امن و امان کی صورت حال کے باعث دم توڑ رہی ہے۔
    کرسچین آئی ہاسپٹل جو کہ ٹیکسلا میں واقع ہے ملک کا ایک معروف ہسپتال ہے آنکھوں کے امراض کے حوالے سے۔ یہ بھی ایک بہت پرانا ہسپتال ہے اور اس میں عیسائی مشنری ڈاکٹرز آنکھوں کے امراض کا فی سبیل للہ(اپنے اللہ کے لئے) علاج کرتے ہیں باوجود اس کے کہ لوگ انھیں آنکھیں دکھاتے ہیں۔
    ٹیکسلا کے قریب ہی واہ کے پاس مغلیہ باغات ہیں اور ان کی بھی وہی حالت ہے جو کہ اس وقت مغلیہ سلطنت کی ہے۔ مزید براں خانپور ڈیم بھی ٹیکسلا کے قریب ہی  ہے  اگرچہ کہ جغرافیائی تقسیم کے لحاظ سے ڈیم خیبر پختونخواہ میں واقع ہے۔ اس سے نکلنے والی نہر سے نہ صرف قرب و جوار کے علاقوں کی زمین سیراب ہوتی ہے بلکہ یہ ایک تفریحی مقام بھی ہے۔ہفتہ وار تعطیل پر یہاں خوب رش ہوتا ہے۔ لوگ اپنے خاندانوں  کے ساتھ آتے ہیں اور خوب ہلہ گلہ کرتے ہیں۔ڈیم میں کشتی کی سہولت بھی موجود ہے اور لوگ کشتی رانی سے بھی مستفید ہوتے ہیں۔
    ٹیکسلا میں کئی سکول و کالج ہیں اور جامعات بھی ہیں- ان میں یو ای ٹی ٹیکسلا، ہائی ٹیک یونیورسٹی، کامسیٹس واہ اور یونیورسٹی آف واہ شامل ہیں۔ ان میں سب سے پرانی یو ای ٹی ٹیکسلا ہے اور اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ہم بھی ایک زمانے میں یہاں طالب علم رہے ہیں اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ اس نے ہمیں بھی ڈگری سے نواز رکھا ہے- حالانکہ پڑھائی کے دنوں میں ہم اس سے ایسے بھاگتے تھے جیسے کافر کلمہ سن کر اور ہماری حکومت احتساب کا نام سن کے- کامسیٹس واہ میں بھی ہم نے بطور مددگار پروفیسر(یعنی کہ اسسٹنٹ پروفیسر) چار برس کام کیا۔
    ٹیکسلا یونیورسٹی سے ہمارا ناتا کبھی ٹوٹنے والا نہیں ہے۔ یونیورسٹی میں جب ہم تھے تو سوچتے تھے کہ اب یہاں کبھی نہیں آنا۔بس ڈگری مل جائے۔ ڈگری ملی تو ہم نے سکون کا سانس لیا کہ جان چھوٹی اس جامعہ سے مگر ہم یہ نہیں جانتے تھے کہ قضا ہمارے ساتھ کیا کھیل کھیل رہی ہے۔ یونیورسٹی کے بعد چند سال تو آرام سے گزرے۔ ہم بس ڈگری لینے گئے جامعہ میں ایک مرتبہ۔ اس کے بعد یوں ہوا کہ ہماری شادی بھی اسی جامعہ کی ہی ایک لڑکی سے ہو گئی۔ اب تو جامعہ جانا ہمارے لئے از حد ضروری ہے۔ اب جب ہم جامعہ جاتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے جامعہ ہمیں منہ چڑا چڑا کے کہ رہی ہو کہ اب بھاگ کے دکھائو مجھ سے۔
    امید ہے کہ آپ کو ٹیکسلا کا یہ دورہ پسند آیا ہو گا- ٹیکسلا کے ذکر کے ساتھ ہمیں بے اختیار یہ شعر یاد آ جاتا ہے

    جگہ دل لگانے کی ٹیکسلا نہیں ہے
    عبرت کی جا ہے تماشا نہیں ہے

    ٹیگز: , , , , , ,

    

    تبصرہ کیجیے

    
    

    © 2017 ویب سائیٹ اور اس پر موجود سب تحریروں کے جملہ حقوق محفوظ ہیں۔بغیر اجازت کوئی تحریر یا اقتباس کہیں بھی شائع کرنا ممنوع ہے۔
    ان تحاریر کا کسی سیاست ، مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہے. یہ سب ابنِ ریاض کے اپنے ذہن کی پیداوار ہیں۔
    لکھاری و کالم نگار ابن ِریاض -ڈیزائن | ایم جی

    سبسکرائب کریں

    ہر نئی پوسٹ کا ای میل کے ذریعے نوٹیفیکشن موصول کریں۔